1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

معاشرہ

پاکستان کے دو مزید گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

پاکستان گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے آئندہ شمارے میں ایک نمایاں حیثیت حاصل کرنا چاہتا ہے، اسی سلسلے میں پاکستان نے مزید دو عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔

پیر کے روز ہزاروں افراد نے، جن میں زیادہ تر اسکول کے بچے تھے، ایک خاص ترتیب کے ساتھ سفید اور سبز رنگ کے پلے کارڈز اٹھا کر پاکستانی پرچم بنایا۔ اس طرح 24 ہزار دو سو افراد نے مشرقی شہر لاہور کے ہاکی اسٹیڈیم میں انسانی پرچم بناتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے اہلکار Gareth Deaves کا کہنا تھا کہ یہ اتحاد کی ایک حیرت انگیز مثال ہے۔ اس اہلکار نے مزید کہا، ’’آج شام قومیت اور یگانگت کا ناقابل یقین مظاہرہ کیا گیا ہے۔ آپ میں سے ہر کوئی یہ کہنے کا حق رکھتا ہے کہ وہ ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر‘ ہے‘‘۔ اس اعلان کے بعد شرکاء نے ایک دوسرے کو گلے لگاتے ہوئے مبارک باد بھی دی۔

قبل ازیں انسانی پرچم بنانے کا عالمی ریکارڈ 23 ستمبر 2007ء کو ہانگ کانگ قائم کیا گیا تھا۔ اس عالمی ریکارڈ میں 21 ہزار سات سو چھبیس افراد شریک ہوئے تھے۔

پیر ہی کے روز لاہور کے شاہی قلعے کا ناقابل یقین تصویری موزیک بناتے ہوئے بھی ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا۔ یہ ریکارڈ بنانے میں 1936 بچے شریک ہوئے۔ شاہی قلعہ مغلیہ دور کی عمارت ہے اور اقوام متحدہ کے عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

پاکستان نے عالمی ریکارڈ بنانے کی کوششوں کا سلسلہ ہفتے کے روز قومی ترانہ گانے سے کیا گیا۔ قومی ترانہ 42 ہزار 813 افراد نے مل کر گایا۔ اس سے پہلے یہ عالمی ریکارڈ بھارت کے پاس تھا۔

اتوار کے روز محمد منشا نے دنیا کے تیز ترین چپاتی تیار کرنے والے شخص کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے تین منٹ اور 14 سیکنڈ میں آٹا بھی گوندھا اور تین چپاتیاں بھی تیار کیں۔

اسی طرح ایک ریکارڈ بارہ سالہ مہک گل نے قائم کیا۔ مہک نے صرف ایک ہاتھ استعمال کرتے ہوئے شطرنج کے بورڈ پر تمام مہرے صرف 45 سیکنڈ میں ترتیب سے لگائے۔

ایک اور نیا عالمی ریکارڈ احمد امین بودلہ نے قائم کیا۔ انہوں نے مارشل آرٹس کے ایک کھلاڑی کے طور پر ایک پنچنگ بیگ کو صرف تین منٹ میں 616 مرتبہ ککس لگائیں۔ ان سے پہلے کا عالمی ریکارڈ 612 ککس کا تھا۔

گزشتہ ویک اینڈ پر قائم کیا جانے والا ایک نیا عالمی ریکارڈ یہ تھا کہ سعدی محمد نامی ایک پاکستانی شہری نے اپنی مونچھوں سے 1.7 ٹن وزنی ایک پک اپ ٹرک کو 60.3 میٹر کے فاصلے تک کھینچا۔

نئے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کی کوششیں لاہور میں منعقدہ پنجاب یوتھ فیسٹیول کا حصہ ہیں، جو صوبائی حکومت کی طرف سے آرگنائز کیا گیا ہے۔

ia /aa (dpa)

DW.DE