1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

خبریں | 24.10.2012 | 14:18

ابھی فائر بندی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، شامی وزیر خارجہ

شامی وزارتِ خارجہ کے مطابق ابھی فائر بندی کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ دمشق میں وزارتِ خارجہ نے کہا کہ فوجی قیادت ابھی خصوصی مندوب لخضر براہیمی کی جانب سے دی گئی تجویز کو جانچ رہی ہے اور یہ کہ اس سلسلے میں کسی فیصلے کا اعلان جمعرات کو کیا جائے گا۔ اس سے پہلے اقوام متحدہ اور عرب لیگ کے خصوصی مندوب برائے شام لخضر براہیمی نے کہا تھا کہ دمشق حکومت عید الاضحیٰ کے دوران فائر بندی پر راضی ہو گئی ہے۔ براہیمی نے قاہرہ میں ایک پریس کانفرنس کو بتایا کہ یہ اتفاق رائے دمشق میں اُن کے مذاکرات کے نتیجے میں سامنے آیا ہے اور اُن کے خیال میں دمشق حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر فائر بندی کا اعلان جلد ہی متوقع ہے۔ عید الاضحیٰ کا تہوار جمعرات کو شروع ہو رہا ہے اور چار روز تک جاری رہے گا۔ براہمیی آج بدھ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی کوششوں سے آگاہ کریں گے۔

خسارے پر قابو پانے کے لیے یونان کو مزید مہلت کی خبر درست نہیں، یورپی مرکزی بینک

یورپی مرکزی بینک نے اُس اخباری رپورٹ کی تردید کر دی ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ یونان کو اپنے بجٹ کو متوازن بنانے اور سرکاری قرضوں سے چھٹکارے کے لیے دو سال کا مزید وقت مل گیا ہے۔ یہ خبر جرمن اخبار ز‍ُوڈ ڈوئچے سائٹنگ نے اپنی آج کی اشاعت میں یونان کو قرضہ فراہم کرنے والے عالمی فریقین کے ساتھ طے شُدہ معاہدے کے حوالے سے دی ہے۔ اخبار کا کہنا تھا کہ یونان کو نئے قرضوں کی حد کو یورپی یونین کی مقرر کردہ حد یعنی اپنی مجموعی ملکی پیداوار کے تین فیصد سے کم تک لانے کے لیے 2014ء کی بجائے 2016ء تک کی مہلت دے دی گئی ہے۔

شمالی وزیرستان میں امریکی ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک

آج پاکستانی قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں کیے جانے والے ایک ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔ مقامی سکیورٹی حکام کے مطابق ایک امریکی ڈرون طیارے سے شمالی وزیرستان کے مرکزی شہر میران شاہ سے بیس کلومیٹر مشرق کی جانب ٹاپی کے علاقے میں ایک گھر پر ایک میزائل داغا گیا۔ دوسرے میزائل سے اس گھر کے باہر پارک کی گئی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ پشاور سے ایک سکیورٹی اہکار نے کہا کہ یہ حملہ عسکریت پسندوں کے ایک کمپاؤنڈ پر کیا گیا اور یہ کہ مرنے والے عسکریت پسند تھے۔ اس طرح رواں مہینے میران شاہ کے علاقے کو تیسری مرتبہ کسی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیس لاکھ سے زائد مسلمان حج ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچ گئے

رواں برس 20 لاکھ سے زائد افراد فریضہء حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے شہر مکہ پہنچے ہیں، جہاں آج سے حج کا باقاعدہ آغاز آج ہو رہا ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے حج کے دوران حادثات اور خیموں میں آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سن 2006ء ميں 364 حاجی مکہ سے منیٰ کو جانے والے راستے ميں ايک پل کے قريب کچلے جانے سے ہلاک ہو گئے تھے۔ حالیہ مہینوں میں سعودی عرب نے بنیادی ڈھانچے اور حج کو زیادہ آرام دہ اور محفوظ بنانے کے لیے تقریباً 220 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ حج اسلام کا پانچواں اہم ترین رکن ہے، جو ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک مرتبہ فرض ہے۔

غزہ میں اسرائیل کی فضائی کارروائی میں کم از کم چار افراد ہلاک

اسرائیلی فضائی کارروائی کے نتیجے میں غزہ پٹی میں مرنے والے فلسطینیوں کی تعداد کم از کم چار ہو گئی ہے جبکہ دَس افراد زخمی ہوئے ہیں۔ فلسطینی نیوز ایجنسی سافا نے بتایا ہے کہ آج علی الصبح اس ساحلی علاقے کے جنوب میں رفاہ کے مقام پر عسکریت پسند فلسطینیوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا گیا اور یہ کہ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ایک رات پہلے غزہ پٹی کے شمال میں کیے جانے والے ایک اسرائیلی حملے میں دو عسکریت پسند فلسطینی ہلاک ہوئے جبکہ تیسرا بعد ازاں اپنے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ تشدد کے یہ تازہ واقعات ایک ایسے وقت ہو رہے ہیں، جب یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ کیتھرین ایشٹن آج یروشلم میں اسرائیلی قیادت کے ساتھ بات چیت کر رہی ہیں اور کل جمعرات کو فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ ملاقات کرنے والی ہیں۔

سوڈان میں اسلحے کی فیکٹری میں آگ، حملے کا الزام اسرائیل پر

سوڈانی وزیر اطلاعات کے مطابق دارالحکومت خرطوم میں ایک روز قبل اسلحے کی ایک فیکٹری میں دھماکوں اور بڑے پیمانے پر آگ لگنے سے پہلے چار فوجی طیاروں نے اس پر حملہ کیا تھا۔ وزیر احمد بلال عثمان نے صحافیوں کو بتایا کہ یرمُوک نامی اس پلانٹ پر حملہ کرنے والے طیارے مشرق کی سمت سے آئے تھے اور یہ کہ اس حملے کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ معلوم ہوتا ہے۔ سوڈانی وزیر نے دھمکی دی کہ سوڈان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

روما باشندوں کا قتل عام: برلن میں یاد گار کا افتت‍اح

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے آج دارالحکومت برلن میں نازی دَور میں ہلاک ہونے والے تقریباﹰ پانچ لاکھ روما باشندوں کے لیے ایک یادگار کا افتتاح کیا۔ ایک گول حوض کی شکل کی اس خصوصی یادگار کا طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔ اس حوض  میں روزانہ ایک تازہ پھول رکھا جائے گا۔ یہ یادگار پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے بنائی گئی ہے۔ آج کی تقریب میں نازی دَور کے مظالم سے بچ جانے والے ایک سو سے زیادہ افراد کے ساتھ ساتھ سنتی اور روما کی مرکزی کونسل کے چیئرمین رومانی روز بھی شریک ہوئے۔ اسرائیلی فنکار ڈانی کاراوان کی تیار کردہ اس یادگار پر 2.8 ملین یورو لاگت آئی ہے۔

جرمن کمپنی فیکٹری آتشزدگی کے متاثرین کے لواحقین کو معاوضہ دینے پر راضی

ملبوسات کا کاروبار کرنے والی جرمن کمپنی KiK پاکستانی شہر کراچی میں ملبوسات تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں آتشزدگی کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کو 1.2 ملین ڈالر سے زیادہ کی زرِ تلافی دینے پر راضی ہو گئی ہے۔ نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن کے سربراہ ناصر منصور کے مطابق اُن کی تنظیم نے اس جرمن کمپنی کو معاوضے کی ادائیگی پر مجبور کیا ہے۔ ستمبر میں کراچی کی علی انٹرپرائز کمپنی میں آگ لگنے سے 289 افراد ہلاک اور 110 زخمی ہو گئے تھے۔ اس فیکٹری میں KiK کے لیے جینز تیار کی جاتی تھیں۔

اپیل نے آئی پیڈ مِنی متعارف کروا دیا

کمپیوٹر کمپنی ایپل نے اپنا نیا آئی پیڈ لانچ کر دیا ہے، جو قبل ازیں پیش کیے گئے آئی پیڈز کے مقابلے میں چھوٹا ہے، اسی لیے اسے آئی پیڈ مِنی کا نام دیا گیا ہے۔ ایپل نے یہ نئی پراڈکٹ کیلی فورنیا کے شہر سان ہوزے میں منگل کو ایک خصوصی تقریب میں متعارف کروائی۔ اس موقع پر کمپنی کے سینئر نائب صدر فِل شِیلر کا کہنا تھا کہ نہ صرف آئی پیڈ کو چھوٹا کر دیا گیا بلکہ اس کا ڈیزائن بھی پوری طرح نیا ہے۔ آئی پیڈ مِنی کا اسکرین سائز 7.9 انچ ہے جبکہ اس سے قبل پیش کیے گئے آئی پیڈ کا سائز 9.7 انچ ہے۔

جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ’اسکائی فال‘ کا ورلڈ پریمیئر

جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم اسکائی فال کا ورلڈ پریمیئر منگل کی شب لندن میں ہوا، جس میں برطانوی شہزادہ چارلس بھی شریک ہوئے۔ اسکائی فال اس سیریز کی فلموں کے گولڈن جوبلی سال میں ریلیز کی جا رہی ہے اور یہ اس سیریز کی 23 ویں فلم ہے۔ اس فلم کا ورلڈ پریمیئر لندن کے رائل البرٹ ہال میں ہوا۔ اس موقع پر شہزادہ چارلس کے ساتھ فلمی دنیا کی متعدد اہم  شخصیات بھی موجود تھیں۔ یہ فلم برطانیہ میں 26 اکتوبر کو عام نمائش کے لیے پیش کر دی جائے گی۔ جرمن شائقین یکم نومبر سے یہ فلم دیکھ سکیں گے۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے پر تیار، رپورٹ

بنگلہ دیشی ٹیم رواں برس دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ BCB کے مطابق اس دوران تین وَن ڈے میچوں کے علاوہ دو ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق BCB کے سربراہ آج اس دورے کا باقاعدہ اعلان کرنے والے ہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم رواں برس اپریل میں ایک مختصر سیریز کے لیے  پاکستان کا دورہ کرنے والی تھی تاہم ملکی ہائی کورٹ کے حکم پر سکیورٹی خدشات کی وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا۔ سن 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر حملے کے بعد سے غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریز کرتی آئی ہیں۔

  • 9 اکتوبر 1962

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    9 اکتوبر 1962

    یوگنڈا نے 9 اکتوبر 1962ء کو برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔ پہلے وزیر اعظم ملٹن اوبوٹے نے برطانیہ کی طرف سے یوگنڈا میں تعینات گورنر والٹر کاؤٹس (بائیں) سے اقتدار حاصل کیا تھا۔ اس نصف صدی میں یوگنڈا میں کئی تبدیلیاں آئیں لیکن اس دوران ملک میں جمہوری اقدار صحیح طور پر پروان نہ چڑھ سکیں۔

  • ملٹن اوبوٹے

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    ملٹن اوبوٹے

    ملٹن اوبوٹے نے ملک میں روایتی نظام حکومت کو ختم کر دیا اور 1966ء میں صدر بن گئے۔ یوگنڈا کے آرمی چیف عیدی امین نے 1971ء میں اوبوٹے کا تختہ الٹ دیا۔ امین نے آٹھ سال تک ملک پر حکمرانی کی۔ بعد ازاں 1980ء میں اوبوٹے کو دوبارہ اقتدار مل گیا۔ اس دور میں اوبوٹے حکومت کی طرف سے کیے گئے مظالم ابھی تک یاد کیے جاتے ہیں۔

  • عیدی امین

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    عیدی امین

    عیدی امین کا آمرانہ دور 1971ء سے لے کر 1979ء تک جاری رہا۔ اس دور میں ہزاروں افراد گرفتار کیے گئے، جان سے مار دیے گئے یا تشدد کا نشانہ بنائے گئے۔ امین نے اپنے سیاسی مخالفین کو ظلم و جبر کا نشانہ بنایا۔ سعودی عرب میں جلا وطنی اختیار کرنے والے عیدی امین کا 2003ء میں جدہ میں انتقال ہوا۔

  • یوگنڈا کی آزادی

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    یوگنڈا کی آزادی

    1979 ء میں یوگنڈا اور تنزانیہ کی جنگ کے بعد عیدی امین کا آٹھ سالہ دور ختم ہوا۔ اس وقت تنزانیہ کی فورسز نے یوگنڈا کے جلاوطنوں کے ساتھ مل کر حملہ کیا اور عیدی امین کو شکست دی۔ 1980ء کے انتخابات میں اوبوٹے دوبارہ صدر بنے تاہم 1985ء میں جنرل ٹیٹو اوکیلو نے فوجی بغاوت کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر اقتدار سے محروم کر دیا۔ یوویری موسیوینی نے چھ ماہ بعد ملک کا اقتدار سنبھالا۔

  •  افریقہ کا موتی

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    افریقہ کا موتی

    مشہور برطانوی سیاستدان ونسٹن چرچل نے یوگنڈا کو افریقہ کا موتی قرار دیا تھا لیکن اب یہ موتی اپنی چمک دمک کھو چکا ہے۔ عیدی امین اور ملٹن اوبوٹے کے ظالمانہ اَدوارکے بعد اب یوویری موسیوینی 26 برسوں سے اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں۔ بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے باوجود اس ملک میں اقتصادی ترقی کی رفتار مسلسل پانچ سے سات فیصد تک جا رہی ہے۔

  • جوزف کونی

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    جوزف کونی

    LRA کا سربراہ جوزف کونی مطلوب ترین جنگی مجرم ہے۔ مزاحتمی تحریک LRA گزشتہ بیس برس سےشمالی یوگنڈا میں سرگرم ہے۔ اس کی پر تشدد کارروائیوں کے باعث اب تک قریب دو ملین انسان شدید متاثر ہو چکے ہیں۔ اس تحریک نے بیس ہزار بچوں کو زبردستی جنگی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے۔ 2008ء سے اس نے ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو اور وسطی افریقی جمہوریہ کے عوام کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا تھا۔

  • کیزا بیزیگیے

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    کیزا بیزیگیے

    یوگنڈا میں اپوزیشن جماعت فورم برائے جمہوری تبدیلی FDC کے رہنما کیزا بیزیگیے گزشتہ تین صدارتی انتخابات میں ناکام ہو چکے ہیں۔ عوامی مقبولیت کے باوجود وہ ابھی تک ملکی اپوزیشن کا کوئی اتحاد بنانے میں ناکام رہے ہیں۔ وہ 2011ء سے سماجی ناانصافی اور خوراک کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مختلف قسم کی احتجاجی تحریکیں چلاتے آ رہے ہیں۔

  • طاقت کا ناجائز استعمال

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    طاقت کا ناجائز استعمال

    یوگنڈا میں پر امن مظاہروں کے دوران بھی سکیورٹی فورسز طاقت کا ناجائز استعمال کرتی ہیں۔ ایسے احتجاجی مظاہروں کے دوران بلا امتیاز گرفتاریاں عمل میں آتی ہیں اور مظاہرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کے مطابق یوگنڈا کی پولیس اور نیم فوجی دستے بنیادی انسانی حقوق کا احترام نہیں کرتے۔

  • ہم جنس پرستی

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    ہم جنس پرستی

    یوگنڈا کے ایک معروف اخبار نے 2010ء میں ملک میں ہم جنس پرستی کے رحجانات کے بارے میں ایک رپورٹ شائع کی، جس میں ہم جنس پرست مردوں اور خواتین کے نام اور پتے بھی شائع کیے گئے تھے، جس پر حکومت نے سخت نوٹس لیا۔ یوگنڈا میں ہم جنس پرستی سے متعلق سخت پابندیاں عائد ہیں۔ اس پر یورپی یونین اور امریکا اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔

  • امن مشن

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    امن مشن

    یوگنڈا حکومت نے صومالیہ میں باغی تحریک کے خاتمے کے لیے افریقی یونین کی امن فوج کے جھنڈے تلے اپنے فوجی وہاں تعینات کر رکھے ہیں۔ اسی وجہ سے صومالی جنگجو ملیشیا الشباب مبینہ طور پر یوگنڈا میں بھی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ صومالیہ میں تعینات امن دستوں میں سب سے زیادہ فوجی یوگنڈا ہی کے ہیں۔

  • 2011ء کے صدارتی انتخابات

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    2011ء کے صدارتی انتخابات

    یوگنڈا میں گزشتہ صدارتی انتخابات پر غیر جانبدار مبصرین نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ مبصرین کے بقول انتخابی عمل آزاد تو تھا مگر شفاف نہیں تھا۔ حکومتی جماعت این آر ایم نے انتخابی مہم سرکاری خزانے سے چلائی تھی۔ ان انتخابات میں صدر یوویری موسیوینی نے ووٹروں کو متوجہ کرنے کے لیے انتہائی جارحانہ انتخابی مہم چلائی تھی اور اپنے حامیوں کو خوب نوازا تھا۔

  • یوویری موسیوینی

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    یوویری موسیوینی

    صدر موسیوینی نے 2005ء میں آئین میں ترمیم بھی کی تھی تاکہ وہ ایک بار پھر صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کے قابل ہو سکیں۔ سیاسی ماہرین کہتے ہیں کہ گزشتہ پچاس برسوں کے دوران یوگنڈا میں کبھی بھی ایسا نہیں ہوا کہ انتقال اقتدار پرامن انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچا ہو۔

  • سیاحت

    یوگنڈا: آزادی کے پچاس برس

    سیاحت

    یوگنڈا سیاحت کے حوالے سے بہت مقبول ممالک میں شمار ہوتا ہے۔ وہاں اب بھی کئی جانوروں کی نایاب اقسام پائی جاتی ہیں، جن میں چمپینزی اور پہاڑی گوریلے بھی شامل ہیں۔


    مصنف: عاطف بلوچ / Andrea Schmidt | ایڈیٹر: مقبول ملک / Jochen Vock