1. Inhalt
  2. Navigation
  3. Weitere Inhalte
  4. Metanavigation
  5. Suche
  6. Choose from 30 Languages

سائنس اور ماحول

اسکائپ کے ذریعے بین الاقوامی رابطوں میں اضافہ

ایک ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ ریسرچ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اسکائپ سے اسکائپ کال کرنے کا تناسب 48% تک بڑھ گیا ہے۔

ٹیلی جیوگرافی نامی مارکیٹ ریسرچ کمپنی اس رپورٹ کے مطابق 2011ء کے دوران عالمی سطح پر اسکائپ سے اسکائپ 145 بلین منٹ کالز کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی سطح پر اسکائپ سے کی جانے والی کالز، موبائل فون کمپنیوں کی مجموعی کالز کی تعداد سے کہیں زیادہ ہیں۔

’’لوگ اب اسکائپ اور اس طرح کی دیگر ایپلیکیشنز کی طرف زیادہ متوجہ ہو گئے ہیں‘‘ ’’لوگ اب اسکائپ اور اس طرح کی دیگر ایپلیکیشنز کی طرف زیادہ متوجہ ہو گئے ہیں‘‘

کراچی میں Alcatel-Lucent نامی ایک کمپنی کے منسلک ٹیلی کام انجینئر ابصار تقوی کے مطابق ٹیکنالوجی کی ترقی کے باعث عام موبائل فون کی بجائے اسمارٹ فون کا استعمال اوراس تک رسائی آسان ہوتی جا رہی ہے، اور اسی باعث لوگ بین الاقوامی رابطوں کے لیے ٹیلی فون کالز کی بجائے اپلیکیشنز کا زیادہ استعمال کرنے لگے ہیں: ’’اس سے ہو یہ رہا ہے کہ پاکستان یا اس جیسے ترقی پزیر ممالک میں موبائل آپریٹرز اپنا وائس شئیر کھو رہے ہیں۔ کیونکہ لوگ اب اسکائپ اور اس طرح کی دیگر ایپلیکیشنز کی طرف زیادہ متوجہ ہو گئے ہیں۔ موبائل آپریٹرز جو 2011ء میں بین الاقوامی کالز کے یونٹس حاصل کر رہے تھے وہ 2012 میں اس سے کہیں کم رہ گئے۔‘‘

ابصار کے مطابق پاکستان میں موبائل کمپنیاں وائس شیئر میں کمی پر قابو پانے کے لئے بچتی پیکج متعارف کروانے کے علاوہ مزید کئی اقدامات کر رہی ہیں: ’’ پہلے ہی پاکستان میں پانچ آپریٹرز ہیں اور ان کے درمیان کافی سخت مقابلہ رہتا ہے۔ اس لیے تمام آپریٹرز کم قیمت پیکج متعارف کروا رہے ہیں۔ اس کے لیے کوئی آپریٹر کسی پیکج کو مفت مہیا کر رہا ہے تو کوئی کسی مخصوص وقت میں کی جانے والی کالز مفت یا ان کی قیمت کم کر دیتا ہے تاکہ ان کے نیٹ ورک پر زیادہ سے زیادہ وائس ٹریفک موصول ہو سکے۔‘‘

2011ء کے دوران عالمی سطح پر اسکائپ سے اسکائپ 145 بلین منٹ کالز کی گئیں 2011ء کے دوران عالمی سطح پر اسکائپ سے اسکائپ 145 بلین منٹ کالز کی گئیں

حال ہی میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے کیے جانے والے ایک فیصلے کے بعد بیرون ملک سے پاکستان کال کرنے والوں کو 300 سے 800 فیصد تک اضافی قیمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کیا اس فیصلے کے بعد پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں بھی بین الاقوامی کالز کے نرخ بڑھا سکتی ہیں ؟ اس حوالے سے ابصار کا کہنا ہے: ’’ جو طویل فاصلے کی کالز تھیں وہ تو پہلے ہی زیادہ تر اسکائپ کے ذریعے کی جا رہی تھیں۔ یعنی کسی زمانے میں جو کالز ٹیلیفون آپریٹرز کے ذریعے ہوتی تھیں اور جن کے باعث وائس ٹریفک میں اضافہ ہوتا تھا، وہ اب اسکائپ سے کی جاتی ہیں۔ اس لیے میرے خیال سے باہر سے آنے والی کالز پر چارجز میں اضافے سے نیٹ پرو وائڈرز کو تو کوئی خاص فرق نہیں پڑے گا ، تاہم پی ٹی اے کا گیٹ وے استعمال کرنے والے اس سے ضرور متاثر ہوں گے۔‘‘

رپورٹ: عنبرین فاطمہ

ادارت: افسر اعوان